سابق صدور نشین اور ارکان سے مشاورت
حیدرآباد ۔13۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بیک ورڈ کلاسس کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن نے آج سابق بی سی کمیشن کے صدرنشین اور ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے بی سی تحفظات اور ذات پات پر مبنی مردم شماری پر بات چیت کی۔ سابق صدرنشین اور ارکان نے بتایا کہ مختلف محکمہ جات سے بی سی طبقات کے بارے میں جو تفصیلات حاصل کی گئیں ، انہیں موجودہ کمیشن کے حوالے کیا جائے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل بی سی تحفظات میں اضافہ کی مساعی کے لئے متواتر اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ موجودہ صدرنشین جی نرنجن کے علاوہ ارکان آر جئے پرکاش ، ٹی سریندر اور شریمتی بالا لکشمی نے اجلاس میں شرکت کی۔ سابق صدرنشین بی ایس راملو ، ڈاکٹر کرشنا موہن راؤ اور سابق ارکان ڈاکٹر انجنی گوڑ ، گوری شنکر ، سی ایچ اوپیندرا ، سبھاش پٹیل اور کے کشور گوڑ نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے بی سی تحفظات کے تعین میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ تلنگانہ حکومت نے بی سی تحفظات اور بی سی مردم شماری کی ذمہ داری کے ساتھ نیا بی سی کمیشن تشکیل دیا ہے۔ 1