تہران۔صدر ایران حسن روحانی نے بیروت میں ہوئے دھماکے کو ایک عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے صدر عون مشیل اور ملک کے عوام کے تئیں افسوس کا اظہار کیا۔ سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے مسٹر روحانی کے حوالے سے کہا،‘ ایرانی قوم اور حکومت کی جانب سے میں متاثرین کے اہل خانہ اور لبنان کے عوام کے تئیں ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں’۔ انہوں نے اس حادثے میں زخمی تمام افراد کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا بھی کی۔ غور طلب ہے کہ لبنان کے دار الحکومت بیروت کے بندرگاہ میں منگل کی شام ہوئے ایک شدید دھماکے میں کم از کم 80 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 4000 سے زیادہ دیگر افراد زخمی ہو گئے ۔ بیروت کے گورنر نے کہا کہ اس دھماکے کے سبب شہر کی تقریباً نصف عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ اس درمیان حکومت نے اس حادثے کے متاثرین کے تئیں اظہار یکجہتی میں چہارشنبہ کے روز تین دنوں کے سرکاری تعزیت کا اعلان کیا ہے ۔