بیروت ہوائی اڈہ پر سفارتکار کا بیگز کھولنے سے انکار

   

بیروت: بیروت کے رفیق حریری ہوائی اڈے پر لبنانی سیکورٹی حکام نے ایران کے ایک شہری طیارہ کی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ مذکورہ ہوائی اڈہ کے ذریعہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کو مالی رقوم کی اسمگلنگ کی خبریں ملنے کے بعد سامنے آیا۔اس موقع پر بیروت میں ایرانی سفارتخانے کے ایک ملازم نے اپنے پاس موجود سفارتی بیگ کی تلاشی دینے سے انکار کردیا۔ نامہ نگار کے مطابق ہوائی اڈہ کے سیکورٹی حکام نے ایرانی طیارہ اور اس پر سوار تمام مسافروں کے سامان کی تلاشی لی۔
یہ ایک ہفتہ کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔لبنانی سیکورٹی رائع نے ایران کو آگاہ کر دیا کہ تلاشی کے دوران میں سامنے آنے والی کوئی بھی مشتبہ کھیپ ضبط کر لی جائے گی۔بعد ازاں لبنانی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اسے ایرانی سفارتخانے کی جانب سے تحریری وضاحت موصول ہو گئی۔ اس میں جمعرات کے روز ایرانی فضائی کمپنی ماہان ایئر کی پرواز میں سوار ایرانی سفارتکار کے پاس دو چھوٹے بیگوں کی اشیاء کے بارے میں بتایا دیا گیا۔ سفارتخانے نے واضح کیا کہ ان دونوں بیگوں میں دستاویزات، کاغذات، نقدی نوٹ موجود ہیں۔ یہ رقم باکار اخراجات پورے کرنے اور صرف سفارتخانے کے استعمال کیلئے ہے۔ لبنانی وزارت خارجہ کے مطابق اس وضاحت کے بعد دونوں بیگوں کو ملک میں آنے کی اجازت دے دی گئی۔