نئی دہلی : گجرات کے شہر انکلیشور میں خانگی کمپنی کی 5 خالی جائیدادوں کے لئے ایک ہزار سے زائد امیدوار انٹرویو دینے دفتر پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں نوجوان انٹرویو دینے خانگی کمپنی کے دفتر پہنچے جہاں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ مذکورہ ویڈیو کو بے روزگاری کی شرح میں اضافے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں خانگیکمپنی کے دفتر کا مرکزی دروازہ کھلتے ہی امیدوار ٹوٹ پڑے جس کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوئی اور سیڑھیوں کے اطراف لگی ریلنگ ٹوٹ گئی۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مذکورہ ویڈیو کو اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ملک میں بے روزگاری کی بیماری ایک وبا کی شکل اختیار کر چکی ہے، جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں وہ اس بیماری کا مرکز ہیں۔