بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے کووڈ قوانین میں نرمی

   

آرٹی۔ پی سی آر کا لزوم ختم ‘ 14فروری سے عمل آوری
نئی دہلی :مرکزی حکومت نے کووڈ قوانین میں نرمی کرتے ہوئے بیرون ملک سے ہندوستان آنے والوں کے لئے لازمی آرٹی۔ پی سی آر کو ختم کردیا ہے اور ‘خطرے والے ممالک کی فہرست’ کو بھی ختم کردیا ہے ۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو جاری نظر ثانی شدہ رہنما خطوط میں یہ اطلاع دی۔ نئی ہدایات 14 فروری سے نافذ ہوں گی۔ ترمیمی ر ہنما خطوط میں عام اور خطرے والے ممالک کے درمیان فرق کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے شخص کے لیے 14 دن کی خود نگرانی کا التزام کیا ہے اور سات دن کا لازمی کورنٹائن بھی ختم کر دیا گیا ہے ۔وزارت کے مطابق، بیرون ملک سے ہندوستان کا سفر کرنے والے شخص کو ہندوستان سے 72 گھنٹے پہلے کی آرٹی۔ پی سی آر رپورٹ ایئر سوویدھا پورٹل پر اپ لوڈ کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ کووڈ ان ممالک کو کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کا آپشن بھی دستیاب رہے گا جو ممالک ہندوستانیوں کے لیے اس طرح کا التزام کریں گے ۔نظرثانی شدہ رہنما خطوط میں یہ کہا گیا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے فرد کو 14 دن تک خود نگرانی کرنی ہوگی اور کووڈ انفیکشن کی علامات کی صورت میں قریبی صحت مرکز سے رابطہ کرنا ہوگا۔ ہندوستان آنے سے پہلے ایئر سوویدھا پورٹل پر سیلف ڈیکلریشن جمع کرانا ہوگا اور اس میں پچھلے 14 دنوں کے سفر کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ ہندوستان پہنچنے پر ہر مسافر کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی اور دو فیصد مسافروں کا آرٹی۔ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ایسے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔