قطب اللہ پور اور ڈنڈیگل پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) قطب اللہ پور پولیس نے ایک بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کرتے ہوئے (2) کروڑ 28 لاکھ روپئے مالیتی گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم قطب اللہ پور زون اور ڈنڈیگل پولیس نے مشترکہ کارروائی میں گانجہ منتقلی ٹولی کو بے نقاب کیا اور (6) افراد بشمول اصل سرغنہ خاتون کو گرفتار کرلیا جو شوہر کے جیل جانے کے بعد اس کا کاروبار سنبھال رہی تھی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس قطب اللہ پور مسٹر کوٹی ریڈی نے بتایا کہ (424) کیلو گانجہ کو ضبط کیا گیا جو ایک ڈی سی ایم میں اڈیشہ سے مہاراشٹرا کے شولاپور منتقل کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے (6) افراد بشمول خاتون سرنگی بریکا عرف انینا کے علاوہ بالو ، ویکاس ، سوتو ، راجو چوہان اور اردن کو گرفتار کرلیا جو مہاراشٹرا کے ساکنان ان کے قبضہ سے پولیس نے ایک ڈی سی ایم گاڑی دو کار کو بھی ضبط کیا ۔ ڈی سی ایم گاڑی میں گانجہ کو چھپا کر منتقل کیا جارہا تھا اور کار میں چند افراد سوار تھے جو ڈی سی ایم کیلئے اسکارٹ کا کام کررہے تھے ۔ کار ، ڈی سی ایم سے تقریباً (10) کیلو میٹر آگے چل رہی تھی جو ان کے منصوبہ کا حصہ ہے تاکہ پولیس کی تلاشی سے ڈی سی ایم کو آگاہ کیا جاسکے ۔ ڈی سی پی کے مطابق بریکا کا شوہر جو فی الحال جیل میں ہے گانجہ کے معاملہ میں جیل منتقل ہوا جس کے بعد بریکا نے یہ کاروبار سنبھالا جو اڈیشہ میں گانجہ کی خریداری کرتے ہوئے اس کا ذخیرہ کرنے کے بعد بڑی مقدار میں گانجہ فروخت کرتی تھی ۔ مہاراشٹرا سے میوہ اور غذائی اشیاء کو آندھراپردیش و اڈیشہ منتقل کرنے والی گاڑیوں پر یہ ٹولی نظر رکھتی تھی جو سامان منتقل کرنے کے بعد خالی روانہ ہوا کرتے تھے انہیں کرایہ پر بات کرنے کے بعد انتہائی رازدرانہ انداز میں گانجہ چھپا کر منتقل کیا جارہا تھا ۔ ایس آر ٹی پولیس نے خفیہ اطلاع کے بعد ڈنڈیگل پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور ٹولی کے دو ارکان ایوناش اور ابھیجیت تائے مفرر بتائے گئے ہیں ۔ (ع۔ع)