انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پانچ گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی، کمپنیوں سے رقم حاصل کرنے کی تردید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) فلم اداکار پرکاش راج بیٹنگ ایپ مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو پیش ہوئے ۔ بشیر باغ میں واقع ای ڈی کے دفتر میں تحقیقاتی عہدیداروں نے ان سے آج تقریباً 5 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ۔ بیٹنگ ایپ کے معاملہ میں منی لانڈرنگ کی جانچ کرنے والی ای ڈی نے پرکاش راج کے علاوہ کئی فلمی شخصیتوں کو نوٹس جاری کی ہے اور انہیں تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی مختلف تاریخیں دی ہیں۔ ای ڈی کو شبہ ہے کہ منی لانڈرنگ میں کئی اہم شخصیتیں ملوث ہیں ۔ پنجہ گٹہ ، میاں پور ، سوریا پیٹ اور وشاکھاپٹنم میں بیٹنگ ایپ دھوکہ دہی کے مقدمات کی بنیاد پر ای ڈی نے تحقیقات کا آغاز کیا اور جملہ 29 افراد کو نوٹس جاری کی گئی جن میں فلمی ستارے ، یوٹیوبرس اور انفلوینسرز شامل ہیں۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرکاش راج نے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں کے ہر سوال کا پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے جواب دیا ہے۔ بیٹنگ ایپ کمپنیوں سے انہوں نے آج تک ایک روپیہ کی بھی معاملہ داری نہیں کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی بیٹنگ ایپ کی تشہیر نہیں کریں گے ۔ پرکاش راج نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آن لائین بیٹنگ ایپ کا شکار نہ ہوں کیونکہ اس میں بڑے پیمانہ پر دھوکہ دہی کا اندیشہ ہے ۔پرکاش راج کو دوبارہ پیش ہونے کیلئے کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ای ڈی نے فلم اسٹار دگوباٹی رانا کو 23 جولائی کو حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی لیکن انہوں نے شوٹنگ کے شیڈول کے سبب 11 اگست کو حاضر ہونے سے اتفاق کیا ہے ۔1