بیکڈ اچاری چکن

   

اجزا : چکن بریسٹ ایک کلو، نمک حسبِ ذائقہ، پسا ہوا لہسن ایک کھانے کا چمچہ، پیاز (آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی) دو عدد درمیانی، ٹماٹر پانچ سے چھ عدد، کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، رائی آدھا چائے کا چمچہ، کلونجی ایک چائے کا چمچہ، میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچہ، سونف ایک کھانے کا چمچہ، قصوری میتھی آدھا چائے کا چمچہ، کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
ترکیب : چکن کے درمیانی سائز کے ٹکڑے کر لیں اور ان کو اچھی طرح صاف دھو کر نمک، لہسن اور دو سے تین کھانے کے چمچہ کوکنگ آئل لگا کر ایک گھنٹے کیلئے فریج میں رکھ دیں۔دھنیا، زیرہ، رائی، کلونجی، میتھی دانہ اور سونف کو توے پر ہلکا سا بھون کر موٹا موٹا کوٹ لیں، پیاز کو باریک آملیٹ کی طرح کاٹ لیں اور ٹماٹروں کو بلانچ کر کے چھلکا نکال کر پیس لیں۔چکن کے ٹکڑوں کو مائیکروویو اوون کی ڈش میں اس طرح لگائیں کہ ایک دوسرے پر نہ آئیں۔اس ڈش کو مائیکروویو اوون میں پانچ سے سات منٹ رکھ کر چکن کو بیک کر لیں۔علیحدہ سے شیشے کی ڈش لے کر اس میں پیاز، ٹماٹر، کْٹے ہوئے مسالے، نمک، لال مرچ اور کوکنگ آئل ڈال کر مائیکروویو اوون میں تین سے چار منٹ رکھیں۔پھر اس ڈش کو نکال کر اس میں پہلے سے بیک کی ہوئی چکن ڈال کر تین سے چار منٹ مزید اوون میں رکھ کر نکال لیں۔قصوری میتھی چھڑک کر چپاتی یا اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔