بے سہاروں کے سہارا کیلئے غریب نوجوانوں کے مضبوط عزائم

   

کورٹلہ میں بلالحاظ مذہب و ملت قابل تقلید سماجی خدمات ، عوام کی جانب سے زبردست داد و تحسین

کورٹلہ : آج کے اس دور میں جبکہ نفسانفسی کا عالم ہے جہاں لوگ اپنے اپنے کاموں میں مصروف رہتے ہوئے اپنی ساری توجہ دولت کمانے میں مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ ایسے حالات میں کورٹلہ کے چند مسلم نوجوان اپنی مصروفیات سے تھوڑا سا وقت سماجی خدمات کے لئے نکالتے ہوئے مصیبت زدہ اور بے سہارا افراد کا سہارا بن رہے ہیں ۔ ان نوجوانوں کی معاشی حالات بھی اس قدر مستحکم نہیں ہے کہ وہ مصیبت زدہ افراد کی مالی تعاون کرتے ہوئے ان کا سہارا بن سکیں ۔ لیکن ان جوانوں کے عزائم اس قدر مضبوط ہیں کہ یہ نوجوان گزشتہ 5 سال سے مصیبت زدہ افراد کی مالی تعاون کرتے ہوئے ان مصیبت زدہ افراد کا سہارا بن رہے ہیں ۔ آج کے اس دور میں جبکہ شادی غریب والدین کیلئے ایک مسئلہ بن چکی ہے ۔ یہ نوجوان نہ صرف اپنی جانب سے غریب لڑکیوں کی شادی کے موقع پر مالی امداد فراہم کررہے ہیں بلکہ غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے صاحب استطاعت افراد سے عطیات وصول کرتے ہوئے غریب افراد کا مالی تعاون کررہے ہیں ۔ ابھی تک ان کی جانب سے 87 غریب مسلم لڑکیوں کی شادی انجام دی گئی ۔ اس یوتھ کے نوجوان ایسے افراد جو اپنی غربت کے سبب اپنا علاج کروانے سے قاصر ہیں ۔ ان کے علاج کیلئے مالی تعاون فراہم کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جن کو علاج کے موقع پر خون کی ضرورت ہے ۔ خون کا عطیہ دے کر ایسے افراد کی جانیں بچارہے ہیں ۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران جہاں ساری دنیا کی عوام پریشان تھی ۔ کورونا وائرس سے فوت ہونے والے غریب افراد کی آخری رسومات میں پیام انسانیت کے زیراہتمام کورونا وائرس سے فوت ہونے والے غریب افراد کی آخری رسومات میں اس یوتھ کے نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لے کربلالخاظ مذہب و ملت ہندو افراد کے انتقال پر ہندو رسومات کے مطابق ، مسلم افراد کے انتقال پر اسلامی احکامات کے مطابق تجہیز و تکفین کرتے ہوئے کورٹلہ کے عوام سے داد تحسین حاصل کی ۔ صدر یوتھ امداد المسلمین قاضی علیم الدین ، جناب محمد مبین آرگنائزر ، مولانا ذاکر اڈوائزر نے ملت کی خدمات کرنے کا جذبہ رکھنے والے افراد سے مصیبت زدہ افراد کی امداد کیلئے آنے کی اپیل کی ۔