حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ حکومت کے نظم و نسق میں پلاننگ ڈپارٹمنٹ کا اہم رول ہوتا ہے۔ لہٰذا عہدیداروں اور ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔ حکومت کی جانب سے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی تیاری میں پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے اعداد و شمار اہم رول ادا کرتے ہیں۔ بی ونود کمار نے آج خیرت آباد میں پلاننگ اور اسٹاٹسٹکس اور رمورٹ سنسنگ محکمہ جات کے عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہئے کہ سماج کی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے اعداد و شمار اور ان کی سروے رپورٹس کی بنیاد پر حکومت کا ہر محکمہ اپنے پروگرام اور منصوبے تیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے نئے سال کے موقع پر ریاست کی ترقی کے منصوبے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ عہدیداروں اور ملازمین کو پوری چوکسی کے ساتھ فرائض انجام دینے چاہئیں۔ ریاست کی مجموعی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے قرض حاصل کرتے ہوئے جائیدادوں کو فروخت کرنے کا رجحان ہے۔ جبکہ آنے والے دنوں میں ان جائیدادوں کی مالیت میں زبردست اضافہ ہوگا۔ ونود کمار نے کہا کہ کالیشورم، سری رام ساگر، سوندیڈلہ، یلم پلی، میڈی گڈا اور مڈ مانیر جیسے ذخائر آب کے ذریعہ 250 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ کیا گیا ہے۔ ان ذخائر آب میں مچھلیوں کی افزائش کے لیے حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات کی ترقی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ سکریٹری فینانس کے رام کرشنا رائو نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اعداد و شمار کی تیاری میں مکمل احتیاط برتیں۔ ڈائرکٹر اسٹاٹسٹکس اے سدرشن ریڈی، ڈائرکٹر پلاننگ شیر میراں، ریمورٹ سنسنگ ڈائرکٹر سرینواس ریڈی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔