ترنمول کانگریس کی ہمایوں کبیر کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت

   

کولکاتہ، 16 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران ترنمول کانگریس نے ‘عام جنتا اُنین پارٹی’ کے امیدوار ہمایوں کبیر کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ ہمایوں کبیر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور سیاسی مخالفین کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی ہے ۔ شکایت کے مطابق حال میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں ہمایوں کبیر ترنمول رہنما ابھیشیک بنرجی اور دیگر لیڈروں کے خلاف توہین آمیز اور ہتک آمیز بیانات دیتے نظر آ رہے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے ۔ ترنمول نے اپنی شکایت میں کہا کہ کبیر کے بیانات سے انتخابی ماحول خراب ہو سکتا ہے اور ووٹروں میں خوف پیدا ہو سکتا ہے ۔ پارٹی نے ان پر مخالف جماعتوں کے حامیوں کو دھمکانے کا بھی الزام عائد کیا ، جس سے منصفانہ انتخابی عمل پر سوال اٹھتے ہیں۔ کہا گیا کہ یہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کو ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو سماجی تقسیم پیدا کریں یا کسی فرد کو ذاتی طور پر نشانہ بنائیں۔پارٹی نے الزام لگایا کہ ہمایوں کبیر نے بغیر کسی ثبوت مخالفین کے خلاف بیان دے کر انتخابی اصولوں کو توڑا ہے ۔