ای ۔ کامرس کمپنیوں سے ڈیلیوری بوائز کی تفصیلات طلب ، پرنسپل سکریٹری محکمہ آئی ٹی جیش رنجن
حیدرآباد۔25مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ای کامرس کے ذریعہ سربراہ کی جانے والی ترکاریوں و دیگر اجناس کی سربراہی کیلئے خصوصی پاسیس جاری کئے جائیں گے۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر جئیش رنجن نے ریاست میں خدمات انجام دینے والی تمام ای کامرس کمپنیوں کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ اپنے ڈیلیوری بوائز کی تفصیلات محکمہ کو روانہ کریں تاکہ ان کے لئے خصوصی پاسیس کی اجرائی کو ممکن بنایا جاسکے۔گذشتہ یوم شہریوں نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤسے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس بات کی شکایت کی تھی کہ ریاست تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والی ای کامرس کمپنیوں کی جانب سے ڈیلیوری بوائز نہ ہونے کے سبب آرڈرس روانہ کرنے سے انکار کیا جا رہاہے جس پر وزیر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ اس سلسلہ میں اقدامات کریں گے ۔مسٹر جئیش رنجن نے آج ان شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ای کامرس اداروں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے خصوصی پاسیس کی اجرائی کیلئے تفصیلات وصول کی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ جلد انہیں پاس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔
