ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 25 ہزار سے زائد ہلاکتیں

   

انقرہ ؍ دمشق : سرکاری ذرائع کے مطابق صرف ترکی میں ہی زلزلے کے ایک ملین سے زائد متاثرین اس وقت عارضی قیام گاہوں میں مقیم ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق شام میں زلزلے سے بے گھر ہونے والوں کی تعداد 5.3 ملین ہو سکتی ہے۔ ترکی اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے 5 روز بعد ان دونوں ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 25 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ترک اور شامی حکام نے ہفتہ کی صبح بتایا کہ زخمیوں کی مصدقہ تعداد بھی اب پچاسی ہزار ہو گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے اور ممکنہ طور پر ابھی تک زندہ افراد کی تعداد اب بہت ہی کم ہو گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صرف ترکی میں ہی زلزلے کے ایک ملین سے زائد متاثرین اس وقت عارضی قیام گاہوں میں مقیم ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ابھی تک ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان میں تقریبآ 8 ہزار ایسے امدادی کارکن بھی شامل ہیں جو بیرون ملک سے ترکی پہنچے ہیں۔ ملک کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھاریٹی (AFAD) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ترکی میں ہلاکتوں کی تعداد 20,665 ہو گئی ہے۔ پڑوسی ملک شام میں حکومت اور اپوزیشن کے زیر قبضہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 3,553 ہے۔ اے ایف اے ڈی نے کہا کہ پیر کی صبح پہلے زلزلے کے بعد سے اب تک 1,891 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔ زلزلے میں زندہ بچ جانے والے افراد کی بازیابی کی امیدیں اب کم ہوتی جا رہی ہیں تاہم اس تباہی میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ اب حکام اور امدادی اداروں کی توجہ بچ جانے والوں کی مدد پر مرکوز ہو گئی ہے۔ ان میں بہت سے لوگوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے۔