ترکیہ کیلئے رضاکار بھیجنے کی افواہ، ہزاروں افغان شہری ایئرپورٹ پر

   

کابل : افغان حکومت کی طرف سے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے پروازیں بھیجنے کی افواہ سننے کے بعد ہزاروں افغان شہری کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ افغانستان میں افواہ تھی کہ حکومت زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان اور رضاکاروں کو ترکیہ بھیج رہی ہے۔ چہارشنبہ کی رات 8 بجے ایئرپورٹ جانے والی مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں اور راہگیروں کا ہجوم تھا جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔ طالبان سیکوریٹی فورسز نے ہوائی فائرنگ کرکے ہجوم کو منتشر کیا، ایک سرکاری ملازم کے بیٹے صلاح الدین نے بتایا کہ آدھا کابل ایئرپورٹ کی جانب گامزن ہے۔ صلاح الدین بھی ایئرپورٹ جا رہا تھا لیکن ٹریفک جام میں پھنس گیا، اس کا کہنا تھا کہ سیکوریٹی فورسز گاڑیوں پر لاٹھی چارج کر رہی ہیں جبکہ راہگیروں کو دھکے دے کر واپس لوٹنے کا کہا جا رہا ہے۔ رات 11 بجے کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ آنے والے شہریوں کو واپس جانا پڑے گا۔