نئی دہلی :تریپورہ سے راجیہ سبھا کی ایک نشست کے لئے ضمنی انتخاب 22 ستمبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہ سیٹ تریپورہ سے راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر مانک ساہا کے گزشتہ جولائی میں استعفیٰ دینے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے اور اسے بھرنے کے لیے ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ساہا ایوان بالا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن تھے ۔ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 ستمبر ہوگی۔
اور کاغذات نامزدگی کی جانچ 13 ستمبر کو کی جائے گی۔امیدوار 15 ستمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور ووٹنگ 22 ستمبر کو ہوگی۔ ووٹنگ صبح 9 بجے شروع ہوگی اور شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی 22 ستمبر کو شام 5 بجے شروع ہوگی۔ اس سیٹ کے لیے انتخابی عمل 26 ستمبر تک مکمل کرنا ہے ۔