تریپورہ میں روہنگیا دراندازی سے بی ایس ایف پر اٹھے سوال

   

اگرتلہ: تریپورہ کے انٹیلی جنس پولیس کے ڈائرکٹر جنرل نے ملک کی داخلی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن رہے بنگلہ دیشی شہریوں اور روہنگیاؤں کی دراندازی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پیر کو ایک اہم میٹنگ کی۔ تریپورہ میں گزشتہ ماہ بنگلہ دیشی اور روہنگیا سمیت سو سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جو انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کی مدد سے ہند-بنگلہ دیش سرحد عبور کرکے آئے تھے ۔ پولیس حراست میں قیدیوں کے اعترافی بیانات نے ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کر دیا ہے اور بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے رول پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ افسران نے بتایا کہ پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں پولیس، بی ایس ایف، مرکزی اور ریاستی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور تریپورہ میں روہنگیا کی دراندازی میں اچانک اضافے ، اس کی وجوہات اور اثرات اور اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔