تریپورہ کانگریس کا بی جے پی پر جمہوری حقوق دبانے کا الزام

   

اگرتلہ۔ 28جون (یواین آئی) تریپورہ کانگریس نے بی جے پی پر لوگوں کے جمہوری حقوق کو دبانے کیلئے غیر سماجی عناصر کو تحفظ دینے اور امن و سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کیلئے غنڈہ گردی کا راستہ اختیار کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ تریپورہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر آشیش کمار نے وزیر اعلیٰ مانک ساہا کو خط لکھ کر ریاست میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری طور پر امن اور جمہوریت کی بحالی کیلئے پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 2018 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی بہترحکمرانی کی امیدیں ٹوٹ گئیں اور نئی حکومت بننے کے بعد لیڈروں کی حمایت سے لوگوں کے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔ صدر نے الزام لگایا کہ ریاست میں اپوزیشن جماعتوں پر حملے ، دفاتر پر قبضہ اور لیڈروں پر حملے عام ہو گئے ہیں۔ ’بائیک بریگیڈ‘ کو حکمراں جماعت کی حمایت حاصل ہے اور پولیس ان کی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ممبر سدیپ رائے برمن کے گھر پر حالیہ حملہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سابق لیڈروں کے اشتعال انگیز بیانات اور انتظامیہ کی غیر فعالیت عوام کا اعتماد ختم کر رہی ہے اور یہ وزیر اعلیٰ کی ساکھ خراب کرنے کی سازش بھی ہو سکتی ہے ۔