بھدرا چلم کا دورہ، انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے پروگرام میں شرکت اور قبائیلیوں کے ساتھ لنچ
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج کتہ گوڑم ضلع کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ گورنر نے بھدرادری مندر کے درشن کئے اور مقامی قبائیلی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ گورنر نے کھمم انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائینس میںY20 تقاریب سے خطاب کیا جو G20 کی صدارت ہندوستان کی جانب سے سنبھالنے کے ضمن میں منعقد کی گئیں۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کالجس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کیمپس کو نئی ایجادات اور اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے نئی ایجادات اور انٹر پرینورشپ ضروری ہیں۔ گورنر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے دوران ریسرچ اور تحقیق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک کیلئے نئی ایجادات کا اختراع کریں۔ وسیع تر اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم کیلئے ہندوستان کو دنیا بھر میں تیسرا مقام حاصل ہے۔ گورنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ریسرچ میں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد فارما ہب اور ویکسین کے دارالحکومت کے طور پر ترقی کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا حیدرآباد میں تیار کی گئی کوویڈ ویکسین تقریباً 150 ممالک کو سربراہ کی گئی۔ ہندوستان دنیا بھر میں ویکسین کی سربراہی کرنے والا اہم ملک بن چکا ہے۔ گورنر نے قبل ازیں بھدرادری مندر میں قبائیلیوں کے ساتھ مذاکرات کا سیشن رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ قبائیلی گروپ کی صحت، غذا، تعلیم اور روزگار کے بارے میں فکر مند ہیں۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے قبائیلیوں کی ترقی کیلئے کئی پروگرام شروع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کمیونٹی ہالس تعمیر کئے گئے اور اسکولوں میں زائد کلاس رومس کی تعمیر عمل میں آئی۔ قبائیلی قائدین نے گورنر کو اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی بھدرا چلم پی ویریا اور دوسرے موجود تھے۔ر