ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے
عائشہ مسرت خانم کا بھی تبادلہ ۔ محمد اسد اللہ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ مقرر ۔ سرکاری احکام کی اجرائی
حیدرآباد۔31۔اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کے ساتھ طویل عرصہ سے مخلوعہ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کے تقرر کیلئے احکام جاری کردیئے ہیں۔ حکومت سے جاری جی او آر ٹی 1162 کے مطابق جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کو ڈائرکٹر کمشنریٹ محکمہ اقلیتی بہبود سے سبکدوش کرکے تلنگانہ میناریٹیز ریسڈینشل اسکول سوسائیٹی سیکریٹری کی زائد ذمہ داری دی گئی جبکہ ڈائرکٹر جنرل انڈین سیکوریٹی ونگ کی بھی زائد ذمہ داری سنبھالے رہیں گے۔مسٹر کے سریندر موہن آئی اے ایس سیکریٹری کانکنی و جیالوجی کو ڈائرکٹر کانکنی و جیالوجی کی زائد ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔محترمہ عائشہ مسرت خانم جو کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں سیکریٹری ٹمریز کے علاوہ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھیں ان کا تبادلہ کرکے جی اے ڈی رپورٹ کرنے کہاگیا ہے۔ محترمہ شیخ یاسمین باشاہ آئی اے ایس جو ڈائرکٹر محکمہ باغبانی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں انہیں ڈائرکٹر کمشنر یٹ برائے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ کی جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس کی جگہ زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی زائد ذمہ داری محترمہ اے نرملا کانتی ویزلی آئی اے ایس کو دی گئی جو کہ ڈائرکٹر ڈبلیو سی ڈی اینڈ ایس سی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ جناب محمد اسداللہ اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹر کی خدمات حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالہ کی ہیں اور ان کو تلنگانہ وقف بورڈ کے نئے سی ای او کی ذمہ داری حوالہ کرنے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ جناب محمد اسد اللہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد سے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔اس کے علاوہ ان احکامات میں مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی جوائنٹ سیکریٹری فیملی ویلفیر کو مسٹر راہول بوجا کی جگہ کمشنر لینڈ اکویزیشن کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔جی میسور ڈائرکٹر انڈسٹریز کو نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ پی سریجا آئی اے ایس اڈیشنل کلکٹر ادارہ جات مقامی ملوگو کا تبادلہ کرکے اڈیشنل کلکٹر ادارہ جات مقامی کھمم مقرر کیا گیا ہے ۔ 3