تلاوت قرآن مجید

   

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ مجھے سورۂ یٰسین اور سورۂ مزمل زبانی یاد ہے ، جمعہ میں خطیب صاحب نے روزانہ قرآن مجید تلاوت کرنے پر زور دیا۔ اگر میں روزانہ زبانی سورہ یسین یا سورہ مزمل کی تلاوت کروں تو کافی ہے یا دیکھ کر پڑھنا ضروری ہوگا ؟
جواب: ہر مسلمان کو قرآن شریف کی تلاوت کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ اگر دیکھ کر قرآن پڑھنے کا وقت نہیں اور وہ زبانی قرآن پڑھتا ہے تو کافی ہے لیکن قرآن شریف زبانی پڑھنے کے بہ نسبت دیکھ کر پڑھنا زیادہ اجر و ثواب اور فضیلت کا موجب ہے کیونکہ دیکھ کر پڑھنے میں دو طرح سے عبادت کا ہونا ثابت ہے۔ ایک تو تلاوت اور دوسرا اس کا دیکھنا ، قرآن مجید کو دیکھنا بھی ایک مستقل عبادت ہے ۔ نیز نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا۔ افضل عبادۃ امتی قراء ۃ القرآن نظرا۔ یعنی میری امت کی افضل ترین عبادت دیکھ کر قرآن مجید پڑھنا ہے۔ (فتاوی قاضیخان) عالمگیری ج اول ، ص ۳۱۷ کتاب الکراھۃ میں ہے: قرأۃ القرآن فی المصحف اولی من القرأۃ من ظھر القلب۔