ڈی اے اور دیگر بقایا جات کیلئے 35 کروڑ، عام ہڑتال کی تنخواہوں کیلئے 25 کروڑ، فیسٹیول لون کیلئے 20 کروڑ منظور
حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کیلئے 100 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ دیوالی تحفہ کے طور پر 5 کے منجملہ 3 ڈی اے دینے کے علاوہ دوسرے بقایاجات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرنشین آر ٹی سی گووردھن ریڈی نے بتایا کہ نقصان میں چلنے والی تلنگانہ آر ٹی سی کو نفع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 ڈی اے اور قدیم ڈی اے بقایاجات کی اجرائی کیلئے 35 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی کے نقصانات پر آہستہ آہستہ قابو پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کے مسائل کے ساتھ مطالبات کی یکسوئی کیلئے حال ہی میں چیف منسٹر کے سی آر سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ریاستی وزراء کے ٹی آر، ہریش راؤ اور بی اجئے کمار کے مشورہ پر چند مسائل کو حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آر ٹی سی کو بجٹ میں 1500 کروڑ روپئے مختص کیا ہے۔ اس طرح حکومت سے آر ٹی سی کو روزانہ 4 کروڑ روپئے وصول ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی کو یومیہ 14 تا 15 کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے۔ باوجود اس کے آر ٹی سی کو روزانہ 4 تا 5 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے۔ آر ٹی سی ملازمین کو پی آر سی دینا ہے تاہم ضمنی انتخاب کا انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ پھر بھی اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ آر ٹی سی میں یونین سرگرمیوں کے احیاء کیلئے چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے اواخر تک 1150 نئی آر ٹی سی بسیں دستیاب ہوجائیں گی جن میں 360 الکٹرک بسیں رہیں گی۔ ملازمین کو فیسٹیول اڈوانس کیلئے 20 کروڑ عام ہڑتال کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 25 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ن