تلنگانہ اسمبلی میں آج مالیاتی موقف پر وائیٹ پیپر

   

حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست کے مالیاتی موقف کے بارے میں حکومت کی جانب سے کل 20 ڈسمبر کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وائیٹ پیپر پیش کیا جائے گا اور اس پر مباحث ہوں گے۔ حکومت نے تلنگانہ کی معاشی صورتحال سے عوام کو واقف کرانے کیلئے اسمبلی میں مختصر مباحث کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی کے ایجنڈہ کے مطابق صبح 11 بجے اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی سابق ارکان اسمبلی آر سرینواس ریڈی، کے ہریشور ریڈی اور شریمتی کے ستیہ وتی کو خراج پیش کیا جائے گا، اس کے بعد ریاست کی معاشی صورتحال پر مباحث ہوں گے جس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا وائیٹ پیپر پیش کریں گے۔ حکومت اسمبلی میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی تیاری کررہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور برقی کی صورتحال پر بھی حکومت ایوان میں وائیٹ پیپر پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ تینوں شعبہ جات میں نئی حکومت اپنا موقف واضح کرے گی۔
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا ایوان اسمبلی میں ریاست کی معاشی صورتحال اور دیگر تفصیلات مشتمل پاورپوائنٹ پریزینٹیشن دیں گے۔تلنگانہ قانون ساز کونسل میں پیش کئے جانے والے PPTکا لائیو مشاہدہ سیاست ٹی وی پر کیا جا سکتا ہے ۔