تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے دائرۃ المعارف سے ناانصافی کا نوٹ لیا

   

وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کی 25 مئی کو طلبی ، اقلیتوں سے انصاف کرنے طارق انصاری کا عزم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے دائرۃ المعارف کے 6 ملازمین سے ناانصافی کرنے اور ڈائرکٹر کی میعاد میں 2 سال کی توسیع کے باوجود انہیں خدمات انجام دینے سے روکنے پر 25 مئی کو کمیشن سے رجوع ہونے کی عثمانیہ یونیورسٹی وائس چانسلر اور رجسٹرار کو نوٹس جاری کردی ہے ۔ اس کے علاوہ جگتیال میں مسلم برقعہ پوش لڑکی کے ساتھ پولیس کی زیادتی پر ایس پی سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ صدر نشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے کہا کہ کمیشن کے دروازے اقلیتوں کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور کمیشن اقلیتوں سے نا انصافی ، حق تلفی اور ظلم و زیادتی کے خلاف سخت ایکشن لیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی نگرانی میں کام کرنے والے دائرۃ المعارف کی سرگرمیوں کو بند کردینے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں جس کا اقلیتی کمیشن نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ طویل عرصہ سے خدمات انجام دینے والے 6 ملازمین اور ایک ڈائرکٹر سے نا انصافی کی جارہی ہے ۔ ان نا انصافیوں کے خلاف ملازمین عدلیہ سے رجوع ہوئے جہاں ان کے حق میں فیصلہ آیا ہے ۔ اس کے باوجود ان ملازمین اور ڈائرکٹر سے کوئی انصاف نہیں کیا گیا محکمہ اقلیتی بہبود نے عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرنے کا عثمانیہ یونیورسٹی کو مشورہ بھی دیا ہے باوجود اس کے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا جس پر کمیشن نے نوٹس جاری کرکے 6 ایمپلائز کی شکایت پر یونیورسٹی وائس چانسلر و رجسٹرار کو 25 جولائی کو کمیشن میں حاضر ہونے اور ڈائرکٹر کی شکایت پر 30 مئی کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ برقعہ پوش مسلم لڑکی کے ساتھ پولیس کی زیادتی پر ضلع ایس پی کو 10 جون تک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ نظام آباد میں کرسچن طبقہ کے لیے چرچ کی تعمیر اور جین طبقہ کی قبروں کی حصار بندی کیلئے بھی کلکٹر سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ نظام آباد میں آتشزدگی کی زد میں آکر 5 دوکانات کو نقصانات پہونچا ہے ۔ اس کی بھی آر ڈی او سے رپورٹ طلب کی گئی ۔ وہ اقلیتوں سے انصاف کرنے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کریں گے اور کمیشن سے رجوع ہونے والوں کو انصاف دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔۔ ن