تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ٹیچرس اہلیتی امتحانات کی یکساں تاریخیں، 7 ہزار سے زائد امیدوار الجھن میں

   

حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹیچرس انٹرنس ٹسٹ اور آندھرا پردیش میں میگا ڈی ایس سی امتحانات کی ایک ہی تاریخ ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 7 ہزار ایسے امیدوار الجھن کا شکار ہیں جنہوں نے دونوں امتحانات کے لئے درخواست دی ہے۔ تلنگانہ کے امیدواروں نے دونوں حکومتوں سے تاریخ میں تبدیلی کی درخواست کی ہے تاکہ وہ دونوں امتحانات میں شرکت کرسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد امیدواروں نے آندھرا پردیش کے ڈی ایس سی امتحانات میں شرکت کی درخواست دی ہے تاکہ 20 فیصد غیر مقامی زمرہ کی نشستوں میں تقررات حاصل کرسکیں۔ تلنگانہ کا ٹیچرس انٹرنس ٹسٹ 18 تا 30 جون مقرر ہے جبکہ آندھرا پردیش میں ڈی ایس سی امتحانات بھی 30 جون تک جاری رہیں گے۔ ڈی ایس سی کے لئے حیدرآباد میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 20 جون کو تلنگانہ ٹیچر انٹرنس ٹسٹ کا پیپر I امتحان ہے اور اسی دن ڈی ایس سی کے ایس جی ٹی پوسٹ کا انٹرنس ہوگا۔ امیدواروں نے دونوں حکومتوں سے درخواست کی ہے کہ امتحان کی تواریخ میں تبدیلی کریں تاکہ دونوں ریاستوں کے امیدواروں کو سہولت ہو۔ 1