ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، کے سی وینو گوپال کی مبارکبادیں
حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں بلدیاتی انتخابات میں حکمراں کانگریس پارٹی کی نمایاں کامیابی پر کانگریس ہائی کمان پوری طرح مطمئن ہیں۔ پارٹی کی قومی قیادت کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف ریاستوں کے سینئر کانگریس قائدین نے فون پر رابطہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو اس جیت پر مبارکباد پیش کی اور نتائج کو تلنگانہ حکومت پر عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیا جارہا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے نے کہا کہ بلدیاتی نتائج عوامی اعتماد کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماجی انصاف، معاشی بہ اختیار بنانے اور ہمہ جہت ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا ویژن ہرخاندان تک ترقی کے ثمرات پہنچانا ہے۔ اس طرح آئی سی سی کی قومی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی تلنگانہ کانگریس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوامی اعتماد اور مضبوط قیادت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کارکنوں کے عزم و حوصلے کو اس کامیابی کا اصل سرمایہ قرار دیا۔ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے اس کو کانگریس طرز حکمرانی کی عوامی توثیق قرار دیا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ یہ کامیابی تلنگانہ میں کانگریس کی مضبوط قیادت اور پارٹی قائدین کے مؤثر تال میل کا نتیجہ ہے۔2