تلنگانہ تلگودیشم قائدین کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو کا اجلاس

   

پارٹی کی تمام کمیٹیاں تحلیل، نئے صدر کا عنقریب اعلان، پارٹی کے احیاء پر توجہ
حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش اور تلگودیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ میں پارٹی کے احیاء پر توجہ مرکوز کی ہے۔ تلنگانہ میں پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب اور مجوزہ مجالس مقامی کے چناؤ میں تلگودیشم کے بہتر مظاہرہ کے مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو نے آج این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلنگانہ پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ میں پارٹی کی تمام کمیٹیوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا اور عوام میں مقبول اور سرگرم قائدین کو پارٹی میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے تلگودیشم تلنگانہ کے صدر کے عہدہ کیلئے بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے بعض سینئر قائدین سے ربط قائم کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سابق وزیر نے تلگودیشم میں شمولیت سے اتفاق کیا جس کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ سے تلگودیشم کو عروج حاصل ہوا تھا اور ہر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کیڈر موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ آندھرا پردیش کی طرح تلنگانہ میں بھی تلگودیشم برسراقتدار آنے کی طاقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی رکنیت سازی کا عنقریب آغاز ہوگا اور نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ نائیڈو نے بتایا کہ وہ ہر 15 دن میں ایک مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اجلاس منعقد کریں گے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اضلاع اور دیہی سطح پر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے کا قائدین کو مشورہ دیا۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی تمام موجودہ کمیٹیوں کو تحلیل کررہے ہیں جن میں ریاستی، ضلع، منڈل اور دیہات کی سطح پر موجود کمیٹیاں شامل ہیں۔ پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے بعد نئی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں نے 40 سال تک تلگودیشم کی سرپرستی کی ہے اور وقت آچکا ہے کہ عوام کے احسان کا بدلہ چکایا جائے۔ چندرا بابو نائیڈو نے قائدین سے نئے صدر کے انتخاب کے مسئلہ پر رائے حاصل کی۔1