تلنگانہ حکومت کی یوم آزادی تقاریب قلعہ گولکنڈہ میں ہوں گی

   

Ferty9 Clinic

چیف سکریٹری شانتی کماری کا اعلیٰ سطحی اجلاس، چیف منسٹر کے سی آر قومی پرچم لہرائیں گے
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے یوم آزادی تقاریب تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی۔ چیف سکریٹری نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی پرچم لہرائیں گے اور سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر یادگار شہیدان پر مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ شاندار پیمانہ پر تقاریب کیلئے وسیع تر انتظامات کریں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ فوجی عہدیداروں کے تعاون سے یادگار شہیدان پر انتظامات کئے جائیں۔ محکمہ جات پولیس، عمارات و شوارع، برقی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ٹرانسپورٹ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ذریعہ انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، جی اے ڈی سیشادری، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ابھیلاش بسٹ، ایس کے جین، سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند، سکریٹری کلچر شیلجہ رمیا، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، سکریٹری تعلیم وی کرونا، منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس دانا کشور، کمشنر ٹرانسپورٹ جیوتی بدھا پرکاش، کمشنر اطلاعات اشوک ریڈی، ڈائرکٹر اطلاعات راج مولی، ڈائرکٹر کلچرل ڈپارٹمنٹ ہری کرشنا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔