امن و قانون کی برقراری میں ملک بھر میں سرِفہرست
خواتین کے تحفظ اورسماجی جرائم پرقابوپانے کی ہدایت
چیف منسٹر کا پولیس و محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست جو تیزی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے وہ ملک میں امن و قانون کی برقراری میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر نے اس کے لئے ریاست کی پولیس کو مبارکباد پیش کی۔ پرگتی بھون میں محکمہ پولیس اور محکمہ جنگلات کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ریاست میں امن و قانون کی برقراری کیلئے انتھک جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خواتین کے تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ریاستی پولیس کو اس کے لئے زیادہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ جیسی ممنوعہ اشیاء کی فروخت اور سپلائی کے خاتمہ کی ضرورت ہے جو سماج خاص طور پر نوجوان نسل کیلئے انتہائی نقصاندہ ہے۔ جنگلاتی دولت کو خراب کرنے والوں کے خلاف بھی انہوں نے کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی دولت کی اسمگلنگ کے خاتمہ کیلئے سیول پولیس نے فاریسٹ عہدیداروں کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ چیف منسٹر نے ہریتا ہارم جیسے پروگراموں میں پولیس کو شامل ہونے کا مشورہ دیا تاکہ شعور بیداری پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے دونوں محکموں کے درمیان باہمی رابطہ کی ضرورت پر زور دیا۔ناجائز شراب کی تیاری اور فروخت کا خاتمہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ کورونا کے باعث بعض مقامات پر اس کی تیاری کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے سماجی جرائم پر قابو پانے پر بھی زور دیا۔ دلتوں پر ہورہے مظالم کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام پر زور دیا۔جعلی سرٹیفکیٹس کے واقعات سے بھی سختی سے نمٹنے پر زور دیا۔چیف منسٹر نے خاتون ملازمین کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد میں 10 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے عمل میں تیزی لانے اور جرائم پر قابو پانے انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال میں اضافہ پر بھی زور دیا۔اجلاس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔