اسکولس ، کالجس اور مارکٹس پر گہری نظر ، ڈائرکٹر اینٹی نارکوٹیک بیورو سندیپ شنڈالیہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کو نشہ سے پاک ریاست بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے ۔ یہ بات ڈائرکٹر اینٹی نارکوٹک بیورو مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولس کالجس کے علاوہ مارکٹس پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے ۔ گانجہ کے علاوہ دیگر نشیلی ادویات کے چلن کو روکنے کے لیے مخصوص عملہ کام کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گانجہ کی پیداوار والے علاقوں اور مقامات کا احاطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور عنقریب ایک بین ریاستی کانفرنس طلب کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وشاکھا پٹنم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے بتایا کہ تین ریاستوں کے اعلیٰ عہدیدار اور عوامی نمائندے سیاسی قائدین اس کانفرنس میں شرکت کریں گے تاکہ گانجہ کی پیداوار والے مقامات کا احاطہ کیا جاسکے ۔ گانجہ کو مارکٹ میں آنے سے روکنے اور اس کی اسمگلنگ پر مکمل قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیلائٹ کی مدد سے جنگلات کے خفیہ مقامات کا پتہ چلایا جائے گا ۔ جہاں گانجہ کی پیداوار ہوتی ہے اور سرحدوں پر چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گانجہ کی اسمگلنگ کو غیر یقینی بنایا جائے گا ۔ ڈائرکٹر اینٹی نارکوٹک بیورو نے کہا کہ اب اسمگلرس منشیات کی منتقلی کے لیے ڈارک ویب کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔ تاہم اس پر روک لگانا مشکل ہے لیکن ٹکنیکل ٹیمس اس پر چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور ایر پارسل سرویس پر سخت نظر رکھی گئی ہے ۔ پارسل کے پہونچنے اور اس کو حاصل کرنے والوں کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے گذشتہ روز ضلع کھمم میں ایک انجینئر کی گرفتاری کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو نشہ سے پاک ریاست بنانے میں سماج کے ہر شہری کا تعاون ضروری ہے اور اس کے لیے شعور بیداری جاری ہے ۔ اے این بی کی جانب سے اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت کو راز میں رکھا جارہا ہے جس کے لیے خصوصی نمبر بھی جاری کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع سے مدد ملے گی اور اس مدد سے نشہ کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہوپائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 7500 اینٹی ڈرگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اور ریاست کے ہر گاؤں ، قصبہ میں شعور بیداری جاری ہے ۔ ملاوٹی سیندھی اور خطرناک دیسی شراب سے لے کر گانجہ ، افیون ، ہیرائن ، کوکین ، ایم ڈی ایم اے اور دیگر نشیلی ادویات کے تعلق سے شہریوں کو بتایا جارہا ہے ۔ انہوں نے اولیائے طلبہ اور سرپرستوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں ان کے رویہ میں تبدیلی سماجی دھارے سے ان کی دوری تعلیم میں کمزوری اور گھریلو معاملت میں عدم دلچسپی اور تنہائی کے عادی بننے پر فوری چوکسی اختیار کریں اور ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ای سگریٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور آن لائن خرید و فروخت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے منشیات کی منتقلی کرنے والوں کو سخت پیغام دیا ۔۔ ع