تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 7 جون سے آغاز

   

22 جون کو آخری قافلہ ، 29 مئی کو محکمہ جاتی جائزہ اجلاس، 611 عازمین نے سفر منسوخ کردیا
حیدرآباد۔22۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 7 جون سے آغاز ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک بھر کے 21 امبارگیشن پوائنٹس سے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا شیڈول جاری کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں روانہ ہونے والے عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے جہاں 8 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 16 امبارگیشن پوائنٹس کے عازمین راست طور پر جدہ پہنچیں گے۔ حج کی تکمیل کے بعد وہ مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کریں گے اور وہیں سے وطن واپسی ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے فلائیٹ شیڈول کے مطابق حیدرآباد سے عازمین حج کا پہلا قافلہ 7 جون کو روانہ ہوگا اور 22 جون تک قافلوں کی روانگی جاری رہے گی۔ تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کا 13 جولائی کو مدینہ منورہ سے آغاز ہوگا اور 2 اگست کوآخری قافلہ حیدرآباد پہنچے گا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے وستارا ایر لائینس کی خدمات کا تعین کیا ہے ۔ ایر لائینس کے پاس زائد نشستوں والے طیاروں کی کمی ہے تاہم صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے ایر لائینس حکام سے خواہش کی کہ کم از کم 300 نشستوں کی گنجائش والے طیارے فراہم کریں۔ طیارہ میں عازمین حج کو حلال فوڈ سربراہ کیا جائے اور ٹشو پیپر خوشبو کے بغیر ہونا چاہئے ۔ اسی دوران حج کیمپ کے انتظامات اور ایر پورٹ پر سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ جاتی جائزہ اجلاس 29 مئی کو حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال 4638 عازمین کے پاسپورٹ وصول ہوئے ہیں جبکہ 611 عازمین نے سفر حج منسوخ کرلیا ہے۔ 28 این آر آئی عازمین نے بھی اپنے پاسپورٹ جمع کرائے۔ تلنگانہ کیلئے 827 تک ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی گئی جس میں سے 667 عازمین کے پاسپورٹ موصول ہوچکے ہیں۔ 14 عازمین نے اپنا سفر منسوخ کرلیا ہے ۔ 3 این آر آئی عازمین نے پاسپورٹ جمع کرائے ۔ ویٹنگ لسٹ سے 143 عازمین کے پاسپورٹس داخل ہونے باقی ہے۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلی بار آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ طئے کیا ہے ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے عازمین 7 جون سے جدہ کیلئے روانہ ہونگے ۔ تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی اور واپسی کا شیڈول یکساں ہیں۔ آندھراپردیش کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین بنگلور و حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ر