بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس، عوام کو مشکلات
حیدرآباد۔17۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاریہ موسم گرما کا شدید گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور 17مئی کو ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ کے دوران حکومت تلنگانہ نے ریاست بھر میں زرد الرٹ جاری کردیا ہے۔ ریاست تلنگانہ کے اضلاع بھدرادری کتہ گوڑم‘ محبوب آباد ‘ کھمم‘ نلگنڈہ اور سوریہ پیٹ میں 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بھدرادری کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 46.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بیارم کے علاقہ میں 45.4 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شہرحیدرآباد میں 41.6 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں سب سے کم درجہ حرارت شیرلنگم پلی ‘ رنگاریڈی کے علاقہ میں 39.2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں گذشتہ ماہ اپریل کے دوران بھی درجہ حرارت 41ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا گیاتھا لیکن اس مرتبہ شہر کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے سبب اسے گرم ترین دن قرار دیا جا رہاہے ۔ شہر کی بیشتر مصروف ترین سڑکوں پر گرمی کی شدت اور دھوپ کی تمازت کے سبب ٹریفک بے حد کم رہی اور بیشتر دفاتر میں حاضری بھی کم ریکارڈ کی گئی ۔م