تلنگانہ میں 6 سے 10 جون تک گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوگی

   

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ۔ درجہ حرات میں 2 سے 5 ڈگری تک کمی کا امکان
حیدرآباد ۔ 5 جون ۔(سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے شدید گرمی اور تپش سے پریشان عوام کو راحت کی اطلاع دیتے ہوئے ریاست میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ تلنگانہ میں 6 جون سے ایک ہفتہ تک بارش ہونے کا امکان ہے ۔ آئندہ پانچ دنوں 6 سے 10 جون تک ریاست بھر میں مختلف مقامات پر بادل برس سکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خاص طورپر ہفتہ 6 جون کو ریاست کے کئی حصوں میں شدید اور موسلا دھار بارش ہونے کی قوی اُمید ہے ۔ جنوبی تلنگانہ کے ساتھ ساتھ ساحلی آندھراپردیش کے کئی اضلاع میں موسم تبدیل ہورہا ہے ۔ اس موسمی تبدیلی کے باعث آج اور کل اضلاع رنگاریڈی ، وقارآباد ، سنگاریڈی ، محبوب نگر ، ناگرکرنول ، نلگنڈہ ، سوریا پیٹ ، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں تیز ہواؤں اور گرج و چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آج اور کل ریاست میں بارش کے ساتھ ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ۔ آئندہ چار دنوں تک جاری رہنے والی بارش کے اس سلسلے کے باعث تلنگانہ کے عوام کو جھلسا دینے والی گرامی سے بڑی راحت ملے گی اور ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بتدریج 2 سے 5 ڈگری سیلسیس تک کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔