تلنگانہ میں اب ، شیوسینا انتخابی مقابلہ کے لیے تیار

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شیوسینا پارٹی ( ایکناتھ شنڈے گروپ ) یونٹ نے کل اعلان کیا کہ وہ تلنگانہ میں تمام 119 اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کرے گی اور تلنگانہ شہیدوں کے ارکان خاندان کو ٹکٹ دے گی ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے شیوسینا پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر شیواجی نے کہا کہ پارٹی 33 فیصد ٹکٹس خواتین کو دے گی ۔ اسٹوڈنٹس لیڈرس ، بے روزگار افراد کو ٹکٹ دے گی اور آبادی کے لحاظ سے ایس سی ، ایس ٹی کے لیے سیٹس الاٹ کرے گی ۔ بی سیز کے لیے 50 فیصد ٹکٹس اور صحافیوں کے لیے بھی نشستیں مختص کی جائیں گی ۔ شیواجی نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں شیوسینا پارٹی کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا ، یکناتھ شنڈے کی قیادت میں تلنگانہ عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے ایک پبلک ایجنڈہ تیار کیا گیا ہے ۔ شیواجی نے کہا کہ وہ کسانوں اور بے روزگاری ، طلبہ ، خواتین اور ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کیلئے جدوجہد میں جان کی قربانی دینے والے شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ انصاف کیلئے لڑیں گے ۔۔