معاشی طور پرفیکٹری ممکن نہیں، مرکزی وزیر کشن ریڈی کے بیان پر نیا تنازعہ
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقت پارلیمنٹ میں منظورہ تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کے بیارم میں اسٹیل فیکٹری کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے اسٹیل فیکٹری کے قیام کے امکانات کو موہوم قرار دیا ہے۔ مرکز کی جانب سے تلگو ریاستوں کے درمیان زیر التواء مسائل کی یکسوئی کیلئے اجلاس کی طلبی کے موقع پر کشن ریڈی کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیارم میں اسٹیل فیکٹری کا قیام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کو اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کو مستقل طور پر طئے کرلینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اسٹیل فیکٹری کا قیام معاشی طور پر ممکن نہیں ہے۔ مرکز نے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی توسیع کیلئے 2000 کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ اگر کسی پراجکٹ کا قیام ممکن ہوتا تو مرکز ضرور پہل کرتا۔ مرکزی حکومت کسی بھی ریاست کو ناممکن تجاویز پر عمل آوری کیلئے زیربار نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسے پراجکٹ ہیں جو تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہیں۔ کشن ریڈی کے اس بیان کے بعد برسراقتدار ٹی آر ایس نے کشن ریڈی کے خلاف مہم کا آغاز کردیا ہے۔ر