تلنگانہ میں ان سرویس ٹیچرس کیلئے خصوصی TET کی منظوری

   

سالانہ دو عام امتحانات کے علاوہ دو خصوصی ٹیٹ امتحانات کا اعلان

حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سرکاری اسکولس کے ٹیچرس کے لئے ریونت ریڈی حکومت نے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ریاست میں پہلے سے خدمات انجام دینے والے (اِن سرویس) اساتذہ کے لئے ایک خصوصی ٹیچر اہلیت ٹسٹ (Special TET) کے انعقاد کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ سرکاری احکامات کے مطابق عام امیدواروں کے لئے ہر سال باقاعدگی سے منعقد کئے جانے والے دو TET امتحانات کے علاوہ صرف اور صرف ان سرویس ٹیچرس کے فائدے کے لئے مزید دو خصوصی TET منعقد کئے جائیں گے۔ مختلف ٹیچرس تنظیموں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ خدمات میں موجود اساتذہ کے لئے جنہیں ترقیوں یا دیگر محکمانہ عمل کے لئے ٹی ای ٹی کامیاب ہونا لازمی ہوتا ہے۔ ایک علیحدہ امتحان کا موقع دیا جائے ٹیچرس تنظیموں کے دیرینہ مطالبہ پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے یہ بڑا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میںباقاعدہ طور پر جی او بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سرکاری احکامات جاری ہونے کے بعد حکومت نے ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو واضح اور سخت ہدایات دی ہیں کہ وہ ان خصوصی امتحانات کے شیڈول اور انعقاد کے لئے تمام ضروری انتظامات کو فوری طور پر شروع کریں۔ اس فیصلے سے ریاست کے ہزاروں ایسے ٹیچرس کو بھی راحت ملے گی جو سپریم کورٹ کے حالیہ احکامات کے بعد TET کی تیاری میں مصروف تھے اور ساتھ ہی ترقی کے لئے آس لگائے ٹیچرس کو بھی بڑی راحت ملے گی۔ ان کے لئے اہلیت ثابت کرنے کا یہ ایک بہترین اور خصوصی موقع ہوگا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے اساتذہ کے لئے مقررہ ٹیٹ کامیاب کرنے کے خلاف درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ 2؍F