33.43 لاکھ شناختی کارڈ تقسیم، ووٹر انفارمیشن سلپ کی آج سے اجرائی، وکاس راج کا سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔9۔نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے سیاسی پارٹیوںکے نمائندوں اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اسمبلی انتخابات کی مہم میں ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں و ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار، جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد ، ڈپٹی سی ای او ایم ستیہ وانی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی مہم کے موقع پر اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے واقف کرایا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ 10 نومبر پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے اور متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس آخری تاریخ کے بعد پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کریں گے ۔ جانچ کے موقع پر ہر امیدوار کی جانب سے 4 افراد کو شرکت کی اجازت رہے گی۔ امیدواروں کو تحریری طور پر الیکشن ایجنٹ اور دوسرے مجاز افراد کی اطلاع دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری کیلئے امیدوار یا ان کے مجاز کردہ شخص یا پھر الیکشن ایجنٹ کی جانب سے رجوع ہونا چاہئے۔ اگر امیدوار شخصی طورپر پرچہ نامزدگی واپس لینے دستیاب نہ ہو تو وہ کسی شخص کو مجاز بناسکتا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اسٹار کیمپینرس کی فہرست الیکشن کمیشن کو روانہ کریں۔ مسلمہ قومی اور علاقائی پارٹیوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ 40 اسٹار کیمپینرس کی فہرست روانہ کی جائے۔ سیاسی پارٹیاں اپنے انتخابی منشورکی تین کاپیاں انگلش اور تلگو زبان میں چیف الیکٹورل آفیسر کے پاس داخل کریں۔ منشور کی اجرائی کے تین دن میں یہ داخل کیا جائے ۔ انتخابی مہم کی اجازت اور پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کے ذریعہ تاحال 10760 اجازت نامے جاری کئے گئے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ مسلمہ قومی اور علاقائی پارٹیاں اور امیدوار اشتہارات کیلئے اجازت حاصل کریں۔ اشاعت سے تین دن قبل اجازت حاصل کی جائے۔ دیگر افراد اور غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں کو 7 دن قبل اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ تاحال 36 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 45.6 لاکھ ووٹر شناختی کارڈ پرنٹ کئے گئے اور پوسٹل ڈپارٹمنٹ سے 33.43 لاکھ شناختی کارڈ کی تقسیم کی گئی ۔ 15 نومبر تک ووٹر شناختی کارڈ کی اشاعت مکمل کرلی جائے گی۔ رائے دہندوں میں ووٹر انفارمیشن سلپ کی تقسیم کا 10 نومبر سے آغاز ہوگا اور بوتھ سطح پر تقسیم عمل میں آئے گی۔ ووٹرس کے مکان پہنچ کر ووٹر انفارمیشن سلپ حوالے کی جائیگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کے خصوصی ایپ سے استفادہ کریں۔ cVigil ایپ کے ذریعہ الیکشن کمیشن سے شکایت کی جاسکتی ہے۔ مذکورہ ایپ کے ذریعہ تاحال 3205 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1961 شکایتیں درست پائی گئیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی نشان کے الاٹمنٹ ، پولنگ ایجنٹ ، ٹنڈر ووٹ ، پوسٹل بیالٹ اور پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات سے واقف کرایا۔ وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں سے الیکشن کمیشن سے تعاون کی اپیل کی۔