حیدرآباد ۔29 ۔ستمبر (یواین آئی) تلنگانہ کے 24 خانگی میڈیکل کالجس میں جاریہ تعلیمی سال سے ایم بی بی ایس کی اضافی 1068نشستیں ہونگی۔ حکومت نے آج اس خصوص میں جی او نمبرات129,130جاری کرکے بی زمرہ کی نشستوں کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسس میں داخلوں کے قواعد میں ترمیم کی۔ اقلیتی و غیر اقلیتی خانگی میڈیکل کالجس وڈینٹل کالجس کی بی زمرہ کی 85فیصد ایم بی بی ایس ور ڈینٹل نشستیں تلنگانہ کے طلبہ کیلئے دستیاب رہیں گی جبکہ 15فیصد ایم بی بی ایس نشستیں ملک بھر کے طلبہ کیلئے رہیں گی۔ غیر اقلیتی اور 4 اقلیتی خانگی میڈیکل کالجس ہر سال ایم بی بی ایس کی 3750نشستوں پر داخلے دیتے ہیں ۔تلنگانہ میں 20 غیر اقلیتی خانگی کالجس کی 3200 نشستیں ہیں جن میں بی زمرہ کی ایم بی بی ایس کی نشستیں 1120ہیں۔تاحال بی زمرہ کی 1120ایم بی بی ایس کی نشستیں ملک بھر کے خواہشمندوں کیلئے الاٹ کی جاتی ہیں تاہم اب سے داخلوں کے قواعد میں ترمیمات کے بعد ایم بی بی ایس کی 1120نشستوں میں سے 85فیصد جو 952 میڈیکل نشستیں ہوتی ہیں،تلنگانہ طلبہ کیلئے رہیں گی جبکہ 15ٖفیصد نشستیں جو 168ہوتی ہیں ملک بھرکے طلبہ کیلئے رہیں گی۔محکمہ صحت کے عہدیدار نے کہاکہ اقلیتی و غیر اقلیتی خانگی میڈیکل کالجس کے بشمول جملہ 1068اضافی ایم بی بی ایس کی نشستیں جاریہ تعلیمی سال سے دستیاب رہیں گی۔