تلنگانہ میں تلگو دیشم کے احیاء پر چندرا بابو نائیڈو کا کل اہم اجلاس منوگوڑ میں پارٹی مقابلہ سے دور

   


حیدرآباد ۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کے احیاء کیلئے صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو نے 15 اکتوبر کو پارٹی قائدین کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں ضلع صدور کے علاوہ اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں کے انچارجس اور کوآرڈینیٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ پارٹی کی سرگرمیوں میں اضافہ پر تجاویز حاصل کی جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ میں نئے صدر کی تلاش ہے۔ موجودہ صدر بی نرسمہلو کی جگہ بعض قائدین کے نام زیر غور ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے تمام اضلاع میں پارٹی موقف کے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ اسی دوران تلگو دیشم پارٹی نے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی صدر بی نر سمہلو نے قومی صدر چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ نلگنڈ ہ کے قائدین اور کیڈر سے رائے حاصل کی گئی تھی۔ انہوں نے موجودہ حالات میں ضمنی چناؤ میں حصہ لینے کی مخالفت کی۔ ر