کمزور طبقات کی ترقی کیلئے پیشرفت، نارائن پیٹ میں کانگریس کا شعور بیداری پروگرام، مختلف قائدین کا خطاب
نارائن پیٹ۔ 3 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ضلع کانگریس کمیٹی نارائن پیٹ پرشانت کمار ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کے حکم پر آج نارائن پیٹ کے انجانا گارڈن فنکشن ہال میں پارٹی کیڈر سے جامع فیملی سروے میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ نارائن پیٹ ضلع مستقر میں آج ضلعی کانگریس پارٹی کے زیراہتمام، ڈی سی سی صدر کے پرشانت کمار ریڈی کی صدارت میں سماجی و اقتصادی تعلیم روزگار سیاسی اور ذات پات کے حوالے سے ایک بیداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانگریس حکومت کی طرف سے 6 نومبر سے شروع کئے جانے والے اس سروے میں تمام پارٹی کیڈر کو حصہ لینے کی بھر پور اپیل کی گئی اس موقع پر مکتھل رکن اسمبلی سری ہری نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے لیا گیا جامع خاندانی سروے ملک کا ایک بڑا جرات مندانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت غریب اور کمزور طبقوں کو فلاحی فوائد فراہم کرنے کی نیت سے ایک جامع خاندانی سروے کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کی تمام شعبوں کو اس سروے میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ضلع میں ایک مضبوط قیادت موجود ہے اور وہ ہمیشہ ان لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے جنہوں نے پارٹی کے لیے محنت کی ہے۔ ملک میں ٹی پی سی سی کے سب سے کم عمر رکن چیٹم ابھیجے ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کے انتخابات میں کئے گئے وعدے کے مطابق تلنگانہ ریاستی حکومت نے معاشی، سماجی اور سیاسی ذات پات کی مردم شماری کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کام کے ذمہ دار عہدیداروں کے ساتھ تال میل بنا کر کانگریس کیڈر سروے میں حصہ لیں۔ یہ سروے ملک کی تمام ریاستوں کے لیے رول ماڈل بن جائے گا۔ ڈی سی سی کے صدر کے پرشانت کمار ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت ایس سی ایس ٹی بی سی اور دیگر کمزور طبقات کی ترقی کے لیے اس ماہ کی چھ تاریخ سے 30 نومبر سے قبل ذات کی مردم شماری مکمل کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے تمام کارکنوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ گھر گھر جاکر خاندانی سروے کے بارے میں لوگوں کو سمجھائیں۔ ڈسٹرکٹ لائبریری اسوسی ایشن کے چیرمین ورلا وجئے کمار، کانگریس پارٹی کے مختلف وابستگان کے ضلع صدور ایم ڈی غوث ،پرسنا کماری ریڈی، مارکیٹ چیرمین سداشیوا ریڈی، ٹاؤن صدور ایم ڈی سلیم، شیوکمار، نارہاری، پیٹا اور کوسگی ٹاؤن کونسلرس ادریس، سرینواس مہیش، کونم گیری ہنمنتھو۔ ، کانت کمار، بویا شرنپا، روی کمار، ملیش، سنگل ونڈو چیرمین، ڈائرکٹرس، کانگریس پارٹی کے ضلع ایگزیکٹیو ممبران، بلاک اور منڈل صدور اور دیگر نے شرکت کی۔