تلنگانہ میں خواتین ‘ محنت کشوں اور نوجوانوں کی ترقی کاعہد

,

   

وزارت کا جائزہ سنبھالنے کے بعد سی ایچ ملاریڈی کاکے سی آر کے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ /24 فبروری (سیاست نیوز) حلقہ میڑچل سے منتخب ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی ایچ ملا ریڈی نے وزیرمحنت ، روزگار ،بہبودی خواتین و اطفال کی حیثیت سے آج سکریٹریٹ میں جائزہ حاصل کرلیا ۔ ملاریڈی نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں بڑی ذمہ داری سونپی ہے اور وہ ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت پیشہ افراد کو انصاف دلانا اولین ترجیح ہے جبکہ گزشتہ 70 سالوں میں کانگریس اور تلگودیشم نے اس شعبہ کیلئے موثر کام نہیں کیا ۔ ملاریڈی نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے چھوٹی صنعتوں کی سمت لاپرواہی کا رویہ اختیار کیا تھا جس کے نتیجہ میں صنعتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست بھر میں بلارکاوٹ برقی کی سربراہی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے نتیجہ میں انہوں نے صنعتی شعبہ مستحکم ہوا ہے جبکہ سابق میں کئی حکومتوں نے صنعتوں کو متاثر کرنے والے ایسے اقدامات کئے تھے جس میں ہفتہ میں تین دن بر قی کی کٹوتی شامل ہے ۔ لیکن تشہیر تلنگانہ کے جب سے ہر قسم کی صنعتوں بالخصوص چھوٹے صنعتوں کو برقی کی مسلسل سربراہی سے بے حد فائدہ ہوا ہے ۔ ملاریڈی نے کہا کہ انڈسٹریز کی بہتر کارکردگی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور گزشتہ ساڑھے چار سال میں صنعتوں کی بہتر حالت سے محنت پیشہ افراد کو ملازمتیں حاصل ہوئی ہیں ۔ نومنتخب وزیر نے کہا کہ ان کا اصل مقصد یہ ہے کہ وہ محنت کش افراد کی دشواریوں کو دور کریں اور ان کی فی الفور مدد کریں اور انہیں دی گئی ذمہ داری کو پورا کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو ٹریننگ کے ذریعہ ان کی قابلیت کو ابھارا جائے گا

اور انہیں اس قابل بنایا جائے گا تاکہ بڑی بڑی کمپنیوں میں انہیں ملازمتیں حاصل ہوسکے ۔ شعبہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں بھی سینکڑوں نوجوانوں کو ملازمتیں حاصل ہوئی ہیں۔ خواتین و اطفال کے بہبود کیلئے بھی وہ متعلقہ عہدیداروں سے عنقریب اجلاس منعقد کریں گے تاکہ اس سلسلے میں موثر اقدامات کئے جاسکیں ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی نے بھی ملاریڈی کے چیمبر پہونچ کر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ وزیر محنت و روزگار نے کہا کہ چیف منسٹر کی قیادت میں وہ خواتین ‘ محنت کشوں اورنوجوانوں کے مسائل حل کرتے ہوئے ترقی کو یقینی بنائیں گے۔