بیشتر اضلاع میں مزید 2 یوم بارش کی پیش قیاسی
کئی جگہ اضافی بارش۔ سری سیلم کے تین دروازے کھولے گئے
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں جاری بارش کے سبب ذخائر آب کی سطح میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ آبپاشی کی جانب سے ذخائر آب کے دروازے کھولنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور سری سیلم کے تین دروازوں کو کھول دیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے گذشتہ 6 یوم کے دوران 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ریاست کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح شہر حیدرآباد میں بھی گذشتہ شب سے بارش کا سلسلہ پھر شروع ہوا ہے جو تادم تحریر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جاریہ سال جون سے اب تک ریاست میں 724.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ریاست تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 13 اضلاع ایسے ہیں جہاں پر مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ان اضلاع میں 60 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے جن اضلاع میں زیادہ بارش ریکارڈ کی جارہی ہے ان میں ضلع ورنگل، محبوب نگر اور کریم نگر شامل ہیں شدید متاثر ہیں۔ ونپرتی میں 142 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جہاں پر 693.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اسی طرح جوگولامبا گدوال میں 138 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی اور وہاں 572.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ورنگل میں 108 فیصد اضافہ کے ساتھ 1085.3 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ میدک، سرسلہ، عادل آباد، کمرم بھیم کے علاوہ دیگر اضلاع میں 20 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے کئی مقامات پر آئندہ دو دن کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ میڑچل، ملکاجگری، رنگاریڈی، حیدرآباد، وقار آباد، نلگنڈہ اور سوریہ پیٹ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کمرم بھیم، آصف آباد کے علاوہ منچریال میں دوبارہ بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکی جانب سے ریاست کے تمام ذخائر آب پر گہری نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ ریاستی حکومت نے تمام اضلاع کے انتظامیہ اور ضلع کلکٹرس کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت کے علاوہ مرکزی کمیشن برائے آب کی جانب سے جنوبی ہند کی ریاستوں میں ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھی جارہی ہے۔