تلنگانہ میں سریتا کو پہلی بس ڈرائیور کا اعزاز

   

حیدرآباد تا مریال گوڑہ آر ٹی سی بس کی ڈرائیونگ
محمود علی خان

حیدرآباد 15 جون ۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تاریخ میں ایک خاتون کو بس ڈرائیور کے طور پر خدمت انجام دینے کا موقع فراہم ہوا۔ وی سریتا ساکن سیتیا تانڈہ نارائنا پورم منڈل یادادری بھونگیر ضلع سے تعلق رکھنے والی خاتون نے دہلی میں 10 سال تک دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں خدمات انجام دیں۔ سریتا نے خاندان کی معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے سب سے پہلے آٹو چلانا سیکھا اور نارائن پورم سے سیتیا تانڈہ تک آٹو چلانا شروع کیا جس میں مہارت کے بعد وہ حیدرآباد میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں رہتے ہوئے بس ڈرائیونگ سیکھی اور ہیوی وہیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جس کے بعد سریتا نے 2010ء میں نلگنڈہ آر ٹی سی ڈپو میں ڈرائیور کی ملازمت کے لئے درخواست دی۔ سریتا کو خاتون ہونے کی وجہ سے ملازمت فراہم نہیں کی گئی۔ آزاد فاؤنڈیشن کی مدد سے دہلی گئیں اور وہاں وہ کار چلانا شروع کیا اور بعد میں وہ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں صرف خاتون ڈرائیورس کے لئے درخواست دی اور وہ واحد امیدوار منتخب ہوئیں اور ملک کی پہلی بس ڈرائیور بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ دہلی میں وہ روزانہ 185 کیلر میٹر سفر طے کرتی تھی۔ دہلی میں رہتے ہوئے سریتا نے والدین کی دیکھ بھال کیلئے اسے ریاست تلنگانہ میں ملازمت دینے کی درخواست دی۔ اس سلسلہ میں سریتا نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر سے درخواست کی کہ انھیں ریاست میں ملازمت فراہم کریں جس پر ملازمت فراہم کردی گئی۔ تلنگانہ کی وہ واحد اور پہلی خاتون بس ڈرائیور بن گئی ہیں جو الیکٹرک بس حیدرآباد سے مریال گوڑہ تک چلارہی ہیں۔ ہفتہ کو سریتا کا بس ڈرائیور کے طور پر پہلا دن تھا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے سریتا کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ ہم مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے بھی کام کررہے ہیں اور ریاست کی خواتین ہر شعبہ میں اپنا ہنر دکھارہی ہیں۔