تلنگانہ میں مانسون کی قبل از وقت آمد متوقع

   

حیدرآباد۔13مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کی قبل از وقت آمد متوقع ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مئی کے اواخر میں تلگو ریاستوں میں مانسون کی آمد کا امکان ہے۔ 26 مئی کو کیرالا میں مانسون کی آمد متوقع ہے اور برسات کے آغاز کے دو دن بعد تلگو ریاستوں بالخصوص تلنگانہ میں موسم باراں کا آغاز ہوجائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں قبل از وقت مانسون سے متعلق محکمہ موسمیات کے علاوہ خاندانی ماہرین بھی پیش قیاسی کر رہے ہیں۔ ان پیش قیاسیوں کے مطابق حکومت کی جانب سے مانسون کی تیاریوں کا آغاز کیا جا رہاہے۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی گرمی سے راحت کے امکانات ہیں ۔ محکمہ نے بتایا کہ گرمی کی شدت کے بعد قبل از وقت مانسون کی آمد بڑی راحت ثابت ہوسکتی ہے۔ موسم باراں کے آغاز کے ابتدائی ایام میں حسب توقع بارش کے امکان ہیں جبکہ موسم کے وسط میں بیشتر اضلاع میں موسلادھار اور توقع سے زیادہ بارش ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈمان و نکوبار کے علاوہ خلیج بنگال میں 15مئی سے موسم باراں کا آغاز ہوجائے گا اور 26 مئی تک مانسون ساحل کیرالا سے ٹکرانے کا امکان ہے۔محکمہ کے بموجب آئندہ چند یوم میں مختلف ریاستو ںمیں ماقبل مانسون کی بارش کے امکانات ہیں ۔