تلنگانہ میں مخالف حکومت لہر کا کے ٹی آر نے اعتراف کیا

   

ہم تیسری اننگز کھیلیں گے ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کا ادعا
حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اعتراف کیا کہ ریاست میں مخالف حکومت لہر ہے باوجود اس کے بی آر ایس پارٹی تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دے گی۔ جل وہار میں وکلاء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ہتھیلی میں جنت دکھانے کے وعدوں پر بھروسہ کیا گیا تو آئندہ پانچ سال تک عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا۔ ریاست کی ترقی اور تمام فلاحی اسکیمات ختم کردی جائیں گی۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں کی ترقی، فلاح و بہبود، امن و امان کا جائزہ لیں پھر 30 نومبر کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بٹن دبائے۔ تلنگانہ کی جو فلاحی اسکیمات ہے اس کی ملک بھرمیں نظیر نہیں ملتی۔ بی آر ایس حکومت نے ریاست کو ترقی دینے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کئے ہیں۔ مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ آئندہ انتخابات میں بی آر ایس ریاست میں تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کے سی آر تیسری مرتبہ ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ بی آر ایس کے انتخابی منشور سے جو بھی وعدے کئے گئے ان پر صدفیصد عمل کیا جائے گا، جو بھی کام ادھورے اور زیرالتواء ہیں، انہیں عاجلانہ طور پر تکمیل کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی کرناٹک کے علاوہ دیگر ریاستوں میں برسراقتدار ہے مگر وہاں ان اسکیمات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ن