تلنگانہ میں موسم گرما میں برقی طلب 17 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی

   

میدک میں 220 کے بی سب اسٹیشن کی عنقریب تکمیل، سندیپ کمار سلطانیہ اور مشرف فاروقی کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری محکمہ برقی سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس نے ضلع میدک کے باؤرم پیٹ میں زیر تعمیر 220 کے بی سب اسٹیشن اور مونوپولس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کرشنا بھاسکر آئی اے ایس، صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی آئی اے ایس اور جیک مینیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسپکو سرینواس راؤ و دیگر موجود تھے۔ پرنسپل سکریٹری انرجی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک ترجیحی بنیادوں پر تعمیری کام مکمل کیا جائے۔ علاقہ میں برقی کی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔ 220 کے بی سب اسٹیشن کو 212.20 کروڑ لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ نرساپور تا باؤرم پیٹ ٹرانسمیشن لائن کو توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں برقی کی طلب میں گزشتہ ایک سال میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے اور نئے سب اسٹیشن کی تعمیر سے میڑچل، باؤرم پیٹ، پٹن چیرو، امین پور، آرسی پورم، کوکٹ پلی، باچو پلی، نظام پیٹ، میوری نگر، پرگتی نگر، میا پور اور اشوک نگر میں برقی سربراہی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال برقی سربراہی میں رکاوٹ کی اہم وجہ اوور لوڈنگ درج کی گئی تھی۔ مذکورہ علاقوں میں ای ایچ ٹی سب اسٹیشنوں کے ذریعہ برقی سربراہ کی جائے گی جو آر سی پورم، میاپور، پٹن چیرو اور بولرم میں واقع ہے۔ وزیر برقی و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا باؤرم پیٹ سب اسٹیشن کی عاجلانہ تکمیل کے خواہاں ہیں۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے کہا کہ پراجکٹ اختتامی مرحلہ میں ہے اور موسم گرما میں برقی کی موثر سربراہی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں موسم گرما کے دوران 17 ہزار میگاواٹ برقی کی طلب کا امکان ہے۔ گھریلو، صنعتی اور زرعی صارفین کو موثر سربراہی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 1