حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان (ووٹر لسٹ) پر خصوصی نظرثانی پروگرام 2020 کے ایک حصہ کے طور پر مسودہ ووٹر لسٹ کا ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے اعلان کیا۔ اس پروگرام کے حصہ کے طور پر آئندہ ماہ 15 جنوری تک مسودہ ووٹر لسٹ پر اعتراضات کے علاوہ غلطیوں کی تصحیح کے لئے درخواستیں پیش کی جاسکتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ نئے ووٹروں کے ناموں کو درج کروانے کے لئے درخواستیں قبول کی جائیں گی اور 27 جنوری تک ان درخواستوں کی یکسوئی کرکے 7 فروری کو قطعی ووٹر لسٹ کی طباعت عمل میں لائی جائے گی۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے بتایا کہ اعلان کردہ مسودہ ووٹر لسٹ کے مطابق ریاست میں جملہ 2,98,64,689 رائے دہندے ہیں جن میں 1,50,07,047 مرد رائے دہندے اور 1,48,56,076 خاتون رائے دہندے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 1566 ٹرانسجنڈرس رائے دہندے بھی پائے جاتے ہیں۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے مزید بتایا کہ یکم جنوری 2020 کو 18 سال مکمل کرلینے والے اور مسودہ ووٹر لسٹ میں نام شامل نہ رہنے والے تمام افراد ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کروانے کے لئے درخواستیں پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ مراکز رائے دہی کے سلسلہ میں مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاست میں مزید 105 نئے مراکز رائے دہی قائم کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس طرح اب ریاست میں مراکز رائے دہی کی تعداد بڑھ کر 54,707 ہوجائے گی۔