تلنگانہ میں ٹی بی کے کیسیس میں اضافہ ، گذشتہ سال 1876 اموات

   

کیسیس کے اندراج میں حیدرآباد سرفہرست ، مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں تپ دق ( ٹی بی ) کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ساتھ ہی چار تا پانچ سال سے اموات کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔ رواں سال جنوری تا مئی تک ٹی بی کی وجہ سے 798 اموات ہوئی ہیں ۔ گذشتہ سال 2021 میں 1876 اموات ہوئی تھیں ٹی بی سے اموات کے معاملے میں تلنگانہ کا سارے ملک میں 15 واں مقام ہے ۔ مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے جاری کردہ رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے ۔ اسی مدت کے دوران سب سے زیادہ اتر پردیش میں 6896 اموات ہوئی ہیں دوسرے نمبر پر مہاراشٹرا ہے جہاں 2845 اموات گجرات میں 2675 اموات اور مدھیہ پردیش میں 2450 اموات ہوئی ہیں ۔ تلنگانہ میں سال 2017 میں 44,644 سال 2018 میں 52,269 سال 2019 میں 71,665 سال 2020 میں 63,209 سال 2021 میں 60,714 افراد ٹی بی سے متاثر ہوئے جاریہ سال جنوری سے 25 جولائی تک یعنی 7 ماہ کے دوران 33,907 افراد ٹی بی سے متاثر ہوئے ۔ ریاست میں سب سے زیادہ حیدرآباد میں ٹی بی کے کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ ان 7 ماہ کے دوران حیدرآباد میں سب سے زیادہ 6235 کیسیس درج ہوئے اس کے بعد ضلع میڑچل میں 2356 ضلع رنگاریڈی میں 2294 ضلع نلگنڈہ میں 1409 ضلع کھمم میں 1299 کیسیس درج ہوئے سب سے کم ضلع ملگ میں 232 کیسیس درج ہوئے ۔ ریاستی محکمہ صحت نے کہا کہ سال 2021 میں جنوری سے ستمبر کے درمیان علاج کے دوران 89 فیصد افراد صحت یاب ہوئے ، ضلع میدک میں صحت یاب ہونے والوں کی شرح 97 فیصد ہے اور سب سے کم ضلع جنگاؤں میں صحت یاب ہونے والوں کی شرح 79 فیصد ہے ۔ اسی مدت کے دوران 1592 افراد صحت یاب ہوئے اور 192 اموات ہوئی ۔۔ ن