تلنگانہ میں پارٹی کی ذمہ داریاں نبھانا خوشگوار تجربہ :میناکشی نٹراجن

   

ریاستی کانگریس قائدین و کارکنوں سے اظہار تشکر، نئے انچارج کو مبارکباد
حیدرآباد، 23 نومبر ]سیاست نیوز[تلنگانہ امور کی سابق اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے ریاست میں اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل پر تلنگانہ کانگریس کے تمام قائدین اور کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کی خدمات انجام دینا اور تنظیمی ذمہ داریاں نبھانا ان کے لیے انتہائی خوشگوار اور یادگار تجربہ رہا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے ریاست کے ہر سطح کے قائد اور کارکن کی ستائش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے دورِ کار میں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط اور مستحکم بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔سابق انچارج نے اپنے ویڈیو پیغام میں تلنگانہ کے نئے اے آئی سی سی انچارج کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے والے سندیپ کمار کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میناکشی نٹراجن نے اس قوی امید کا اظہار کیا کہ سندیپ کمار کی متحرک قیادت اور رہنمائی میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی اور عوامی خدمت کے سفر کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھائے گی۔2