تلنگانہ میں ڈاکٹرس کا آج سے ڈیوٹی کا بائیکاٹ

,

   

کولکتہ میں ڈاکٹر کی عصمت ریزی و قتل کے خلاف ملک گیر احتجاج میں شامل
حیدرآباد : /13 اگست (سیاست نیوز) کولکتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف ملک گیر احتجاج میں شامل ہونے تلنگانہ کے ڈاکٹرس نے اعلان کیا ہے ۔ ریاست کے تمام گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس ، جونیر ڈاکٹر ، اسوسی ایشن کے ڈاکٹرس اور دیگر نے کولکتہ کے متاثرہ ڈاکٹر کے ارکان خاندان سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے جونیر ڈاکٹرس ، سینئر ریسیڈنٹ ، سوپر اسپیشیالیٹی ریسیڈنٹ اور ہاؤز سرجنس نے چہارشنبہ سے تمام سرکاری دواخانوں میں آؤٹ پیشنٹ سہولتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر میں جونیر ڈاکٹرس کی نمائندگی کرنے والی تمام اسوسی ایشنوں نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرس کیلئے انصاف اور سیکوریٹی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے ۔ تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے ارکان نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے ڈاکٹرس کا مطالبہ ہے کہ کولکتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج میں پیش آئے واقعہ کے پیش نظر تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں میں بہتر سیکوریٹی فراہم کی جائے ۔ اس واقعہ کے خلاف ملک کی بیشتر ریاستوں میں زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ تلنگانہ کے ڈاکٹرس نے بھی کولکتہ واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ذمہ دار حکام کو معطل کرنے اور متاثرہ کے خاندان کو مناسب معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ ڈاکٹرس نے سنٹرل پروٹیکشن ایکٹ 2020 ء پر عمل آوری کرنے پر زور دیا ہے تاکہ ملک کے تمام میڈیکل کالج میں سیفٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔