تلنگانہ میں کانگریس کو 70 نشستیں نہ ملنے پر مستعفی ہوجاؤں گا: وینکٹ ریڈی

,

   

عہدہ سے زیادہ عوام میرے لئے اہم، 26 مئی کو راہول گاندھی کی تلنگانہ قائدین سے ملاقات

حیدرآباد۔/23 مئی،( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر حامیوں کے اجلاس میں انتہائی جذباتی ہوگئے اور کہا کہ وہ کسی عہدہ کے خواہشمند نہیں ہیں اور عوام ہی ان کیلئے سب کچھ ہیں۔ نلگنڈہ میں براہمنی پراجکٹ کے قریب حامیوں کی جانب سے سالگرہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مجھے سی ایم یا پی ایم کہہ کر پکارنے کی ضرورت نہیں ہے، میں نے وزارت کا عہدہ چھوڑ دیا تھا اور مجھے کسی بھی عہدہ سے دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی عہدے میرے لئے اہمیت کے حامل ہیں، عوام ہی میرے لئے اہمیت رکھتے ہیں، آپ کیلئے مرنے اور مارنے کیلئے تیارہوں۔ پانچ مرتبہ مجھے کامیاب بنانے کا احسان میں زندگی بھر چکا نہیں پاؤںگا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کہنے سے میں سی ایم بن جاؤں گا یہ تصور کرتے ہوئے آپ نعرے لگارہے ہیں لیکن سی ایم کہنے سے تمام ملکر مجھے ہرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ دس دنوں میں پرینکا گاندھی نلگنڈہ ضلع کا دورہ کریں گی۔ وینکٹ ریڈی نے براہمنی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے جدوجہد کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں 80 فیصد کام مکمل ہوچکے تھے اور باقی 20 فیصد بی آر ایس حکومت مکمل کررہی ہے۔ ایس ایل بی سی پراجکٹ کے بارے میں اسمبلی میں سوال کرنے پر حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔ زیر التواء پراجکٹس کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں 70 تا 80 نشستوں پر کانگریس کامیابی کے ساتھ برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کو 70 نشستیں حاصل نہ ہوں تو وہ مستعفی ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 26 مئی کو تلنگانہ کے اہم قائدین کے ساتھ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے اجلاس منعقد کریں گے۔ر